بھارت میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کو ناشتے میں مبینہ طور پر تیزاب پلا دیا گیا، تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے.

روایتی تعصب کہیں یا کچھ اور۔۔۔ پاکستانی کھلاڑی کے ساتھ یہ افسوس ناک واقعہ حریف ملک بھارت میں پیش آیا۔ بنگلور میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑتی قومی ٹیم کے کپتان کو تیزاب پلاکر مارنے کی کوشش کی گئی۔ ہوٹل میں ناشتے کی میزپر پانی کی بوتلوں کے ساتھ تیزاب کی بوتل رکھی گئی تھی جسے ذیشان عباسی نے غلطی سے پی لیا۔ حالت خراب ہونے پر کھلاڑی کو قریب واقع رمیہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا۔ بینائی سے محروم ذیشان عباسی کو فوری طور پرقریب واقع رمیہ اسپتال لے جایا گیا ،جہاں ان کی اینڈو اسکوپی ہوئی اور تمام رپورٹس کلیئر قرار پائیں، ڈاکٹروں کے مطابق اگر یہ ایسڈ پیٹ میں چلا جاتا تو ان کی جان کو بھی خطرہ ہوسکتا تھا ۔ ذیشان عباسی کی حالت خطرے سے باہر ہے، ان کے گلے میں خراش ہے تاہم طبیعت کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدرسلطان نے واقعہ کی تصدیق کرتے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں، اس قسم کا واقعہ پہلے کبھی پیش نہیں آیا، کھلاڑیوں کی تمام ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر ہوتی ہے۔ دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ تحقیقات میں سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لے رہی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔