کھانے کی اشیاءتیار کرنےوالی فیکٹریوں کو محکمہ فوڈ سے رجسٹرڈ ہونا ہو گا: بلال یاسین
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں فوڈ پراڈکٹس تیار کرنے والی فیکٹریوں کو محکمہ فوڈ سے رجسٹریشن کرانا ہو گی۔غیر رجسٹرڈ اور دکانوں کے نام پر سرٹیفکیٹس لے کر فیکٹریاں چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔انہوں نے لاہور کے علاقے شاہدہ میں کالاخطائی روڈ پر غیر معیاری اور مضر صحت آئس کریم،دیسی گھی اور مکھن بنانے والی دو فیکٹریوں پر چھاپہ مارتے ہوئے 25 ہزار کلوگرام سامان قبضہ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں چائلڈ لیبر،خراب جسمانی حالت،کیڑے مکوڑوں کی موجودگی اور انتہائی خراب ماحول میں آئس کریم اور مکھن تیار کیا جارہا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے چیکنگ کے دوران غذائی اشیاءتیار اور فروخت کرنے والے 2اداروں کوسیل‘ 13کو جرمانہ اور 27 کو وارننگ جاری کی۔ دریں اثناءگوجرانوالہ میں 16ہوٹل‘ ملک شاپ‘ شادی ہالز کو وارننگ جاری کی گئی۔ فیصل آباد میں چبہ روڈ پر امرفوڈز اور لطیف مربہ پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ پنجاب تکہ کو وارننگ جاری کی گئی۔