گل داودی کے دلفریب اور پرکشش رنگوں سے شہریوں کی بڑی تعداد نمائش میں کھنچی چلی آئی

سورج کی روشنی سے کھلے، ہوا سے لہلہاتے،شوخ رنگوں کے یہ منفرد پھول اپنی دلکشی اور درازقد کی بدولت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ جیلانی پارک میں منعقد ہونے والے گل داودی کی سالانہ نمائش میں مختلف تعلیمی اداروں، ہارٹیکلچر اور فلورا کلچر میں دلچسپی رکھنے والی سوسائیٹیز نے حصہ لیا۔گل داودی کا اصل وطن جاپان ہے۔ سارا سال پودے کی دیکھ بھال کی جاتی ہے تب جا کرماہ دسمبر میں اس کا پھول اپنا جلوہ دکھاتا ہے لیکن اس کی عمر صرف چالیس دن ہی ہوتی ہے۔ نمائش میں گل داودی کی 170 اقسام رکھی گئیں۔ مختلف اشکال اور رنگوں کی بدولت یہ پھول اپنی مثال آپ ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سال میں بس ایک بار کھلنے والے گل داودی نے ہرسو اپنا رنگ بکھیر دیا ہے جس سے ناصرف موسم اچھا لگنے لگا ہے بلکہ مزاج پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوئے ہیں۔شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر اس نمائش میں شرکت کی اور پھولوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔