میئرلندن صادق خان کی وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مئیرلندن صادق خان، تاجروں اور صحافیوں کے پچیس رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر پاکستانی کو صادق خان کے مئیرلندن منتخب ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان برطانیہ کیساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں توانائی سرپلس ہے۔ دہشتگردی کے خلاف کامیابیوں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار بنا دیا ہے۔ مئیر لندن اور ان کا وفد پاکستان سے مثبت پیغام لیکر برطانیہ جائے گا۔ اس موقع پر مئیرلندن کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام، صحافیوں اور تاجروں کے ساتھ بہت مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ حکومت پاکستان نے مختلف شعبوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ ان کے دورے سے پاکستان سے متعلق غلط فہمیوں دور ہوں گی، سترہ لاکھ پاکستانی برطانیہ میں آباد ہیں جو پاکستان کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔ میئرلندن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کردار اد اکریں گے۔