حماس کے رہنما کی فلسطینیوں سے نئی مزاحمت شروع کرنے کی اپیل

حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ نے فلسطینیوں سے نئی ’انتفاضہ‘ تحریک شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس کے لیڈر نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکا کی پالیسی میں تبدیلی کو ’اعلان جنگ‘ قرار دیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک حقیقت کو تسلیم کیا ہے۔ ترک وزیراعظم علی بن یلدرم نے کہا ہے کہ امریکا نے ’اس بم کی پِن نکال دی ہے، جو خطے میں پھٹنے کے لیے تیار ہے‘۔ انہوں نے امریکی حکومت سے یہ فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی ہے۔