امریکا کا امن کی ثالثی کا کردار ختم ، قیام امن کی کاوشیں تباہ ہو گئی ہیں۔ فلسطینی صدر

فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔صدر عباس نے ٹیلی ویژن پر خطاب میں اس اعلان کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اب امن ثالث نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے میں بین الاقوامی برادری کی تجاویزکو نظرانداز کیا گیا ہے اور قیام امن کی کاوشیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے اسے اسرائیلی تسلط اورنو آبادیات کی پالیسی کی توثیق کہتے ہوئے اسے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف قرار دیا ہے۔صدر عباس نے یہ بھی کہا کہ بیت المقدس فلسطینی ریاست کا ہمیشہ ہمیشہ باقی رہنے والا دارالحکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے تسلیم کرلینے سے بیت المقدس پر اسرائیل کا دعوی جائز ثابت نہیں ہو گیا اور مقبوضہ بیت المقدس عربوں، عیسائیوں، مسلمانوں سب کا شہر ہے۔ فلسطینی رہنما نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بعد جوابی اقدام پر غور کیا جا رہا ہے۔