چڑی کوٹ کے علاقے میں بدمست بھارتی فوج نے جنازے پر فائرنگ کردی

طاقت کے نشے میں چور بدمست بھارتی فوج نے ایل او سی پر انسانی حقوق کی تمام حدیں پار کر دیں، آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد کشمیر کے چڑی کوٹ کے علاقے میں آپے سے باہر بھارتی فوج نے جنازے پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو شہری شہید جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے چھفر گاؤں میں جنازے کو نشانہ بنایا جس کے بعد جوانوں نے دشمن فوج کی کارروائی پر بھرپور ردعمل دیا، جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی ہلاک،5زخمی ہو گئے جبکہ دشمن کی ایک پوسٹ بھی مٹی کا ڈھیر بنا دی گئی۔ بھارت رواں سال سینکڑوں بار لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا چکا ہے، جس کے نتیجے میں ناصرف معصوم شہری شہید ہوئے بلکہ ان کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے، پاکستان متعدد بار بھارتی حکام سے احتجاج بھی ریکارڈ کرا چکا ہے۔