عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی اعلی قیادت کا اہم ترین اجلاس
عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی اعلی قیادت کا اہم ترین اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے کے امریکی صدر کے اعلان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے مطابق پوری قوم اہل فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اسلامی سربراہی کانفرنس کا فوری انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔عمران خان امت مسلمہ کے مفاد سے جڑے اس اہم ترین معاملے پر قوم کو جلد لائحہ عمل دینگے۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کے مندرجات پر خصوصی غور کیا گیا جبکہ وزیراعلی پنجاب اور وزیر قانون کے فوری استعفی کا مطالبہ کیا گیا اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے پاس منصب پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کیلئے 6 رکنی وفد تشکیل دیا جائے گا جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، چوہدری سرور، علیم خان ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہوں گے۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا بھی اعلان کیا گیا۔