پنجاب دھند کی لپیٹ میں، لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹروے بند
ملک کے بیشتر حصوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے، قومی شاہراہوں پر شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہی، لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ اور گردونواح میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے کل سے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی نوید سنائی ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں دھند کی چادر نے ہر منظر دھندلا دیا، لاہور اور اس کے مضافات میں ہر چیز دھند میں لپٹی نظر آئی، لاہور دیپالپور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، قومی شاہراہوں پر حدنگاہ انتہائی کم رہی۔ ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی اور کسوال میں بھی حدنگاہ 100 میٹر ریکارڈ کی گئی۔