وزیراعظم نے کہا ہے وزارت اطلاعات میں آجاو، شیخ رشید
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعوی کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں وزارت اطلاعات میں آنے کے لیے کہا ہے جب کہ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے لیے وزارت چھوڑنے کو تیار ہوں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کی ساتھ بیٹھے شخص کے ساتھ ہونے والی سرگوشی منظر عام پر آگئی، پریس کانفرنس شروع ہونے سے قبل شیخ رشید نے ساتھ بیٹھے شخص کو بتایا کہ ان کی کل 4 بار وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے اور وزیراعظم نے وزارت اطلاعات میں آنے کی پیشکش کی ہے۔شیخ رشید نے فواد چوہدری کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ 8 دن سے لندن میں پکنک منارہے ہیں، وہ واپس آجائیں تو معاملہ دیکھتے ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے وزارت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں کہوں گا لویو تھینک یو ویری مچ۔وفاقی وزیر ریلوے کی باتوں پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ شیخ رشید کیلئے بخوشی اپنی پوزیشن چھوڑنے کو تیار ہوں، مجھے شیخ رشید کیلئے اپنی وزارت چھوڑنے اور بطور ایم این اے کام کرنے میں خوشی ہوگی تاہم جب تک میں وزیر ہوں،اشتہارات کی لابی سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ذمہ داری کیلئے کسی شخص کا انتخاب وزیراعظم کرتے ہیں، عمران خان ہی یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کون کس عہدے کیلئے موزوں ترین ہے۔
I will be more than happy to vacate my position for Sheikh Rasheed sb and serve as MNA, we all use trust powers bestowed by people of Pakistan and PM decides who is best fit in the role, However, till I am minister ll not bow to blackmailing of Advertisement lobby
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 8, 2018
میڈیا پر وزیر اطلاعات کی تبدیلی پر سوالات اٹھے تو شیخ رشید نے سرگوشی میں ہونے والی گفتگو پر وضاحت پیش کی، شیخ رشید نے کہا کہ فواد چوہدری کی جگہ لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، فواد چوہدری کے بارے میں مجھ سے منسوب باتیں بے بنیاد ہیں اور ان کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنوں گا،اس معاملے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری بہترین کام کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ افتخار درانی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقاتوں سے متعلق شیخ رشید خود بہتر بتا سکتے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ علم نہیں ہے، اس حوالے سے پیر کو مختلف وزارتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملتان میں صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ فوادچوہدری اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ شیخ رشید کے دعوے کا مجھے کوئی علم نہیں ہے،تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا فواد چودھری ہی وزیر اطلاعات رہیں گے، تین ماہ میں کسی وزیر کی کارکردگی کا فیصلہ نہیں ہو سکتا۔