زرداری نے ان کے ساتھ کئے وعدے وفا نہیں کئے،طالبان کو ان کی ضمانت کیسے دیں،حکومت نے پانچ سال میں ملک تباہ کردیا. میاں نواز شریف
سندھ کے علاقے کنڈ یارو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث آج کراچی جل رہا ہے جبکہ سندھ میں جرائم پیشہ افراد کا راج ہے۔ صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ کراچی میں مجرم پکڑنے کے لئے سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑرہا ہے۔صدر زرداری نے اپنےپانچ سالہ دور میں سندھ کا حشر نشر کردیا، اگر وہ ملکی ترقی کے لئے اقدامات کریں تو وہ خود بھی انہیں ووٹ دیں گے۔ مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ صدر زرداری گڈ گورننس قائم کرتے تو نون لیگ کبھی بھی حکومت سے الگ نہ ہوتی لیکن وہ وعدے کرکے مکر گئے۔ایسے میں وہ طالبان کوزرداری کی ضمانت کیسے دے سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر آمر کے ہاتھوں ختم ہونے والی ان کی حکومت کو مدت پوری کرنے دی جاتی تو اب تک ملک ترقی کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت چند ووٹوں کے لئے ملک میں نئے صوبوں کا مکروہ کھیل کھیلا جارہا ہے لہذا عوام عام انتخابات میں مخلص اور محب وطن قیادت کا انتخاب کریں۔