چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھنے سے نفرت اور خون خرابے کا خاتمہ ہوگا، ڈالر بٹورنے والے سیاستدان بات چیت کے ذریعے امن کی مخالفت کرتے رہے، امریکی نظریات کا پرچار کرنیوالی جماعتیں پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے آئین کے اندر رہ کر مذاکرات پر آمادگی نے پروپیگنڈہ کرنیوالوں کو بے نقاب کردیا ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ معاملہ پوری طرح کھل کر سامنے آچکا ہے کہ آئین پاکستان شریعت کا ضامن ہے، عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ ملک میں عسکری کارروائی کی مخالفت کی، طالبان کی جانب سے امریکی جنگ سے علیحدگی اور ڈرون رکوانے کے مطالبات سامنے آنے سے ان کے موقف کی تائید ہوتی ہے، چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر بٹورنے والے سیاستدان جان بوجھ کر بات چیت کے ذریعے امن کی مخالفت کرتے رہے، امریکی ہدایات وصول کرنے اور نظریات کا پرچار کرنیوالی جماعتیں اب پوری طرح سے بے نقاب ہوچکی ہیں، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھنے سے ملک سے نفرت اور خون خرابے کا خاتمہ ہوگا اور امن لوٹ آئیگا۔