فیصل آباد: ملبوسات سینٹرکے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے کا انکشاف
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں واقع ملبوسات کے ایک مشہور برانڈ کے سینٹر میں خواتین کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کا مقدمہ اسٹور مالک اور منیجر سمیت چار افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔واضح رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز ایک نوجوان کی شکایت پر پیپلز کالونی میں واقع ملبوسات سینٹر پر چھاپہ مارا تھا اور خواتین کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگانے کے الزام میں 2 ملازمین کو حراست میں لے لیا تھا۔پولیس کے مطابق ملبوسات اسٹور میں خواتین کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے لگانے کا مقدمد تھانہ پیپلز کالونی میں درج کرلیا گیا۔مقدمے میں اسٹور کے مالک، اسٹور منیجر اور دیگر 2 ملازمین کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ہونے والے 2 ملازمین سے تفتیش کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق تفتیش کی روشنی میں مزید افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔