متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ انتخابات کے معاملے پر دو دھڑوں میں بٹ گئی
سینیٹ انتخابات نے ایم کیوایم کے اندرونی اختلافات کو عیاں کردیا، ایم کیوایم پاکستان جو اپنے بانی کے بعد فاروق ستار کی سربراہی میں سیاست میں پیش پیش تھی، اب دو دھڑوں میں منقسم ہوچکی ہے، سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ فاروق ستار گروپ اور عامر خان گروپ میں بٹ چکی ہے,ایم کیوایم کے بڑوں نے سیاسی اختلافات کو ختم کرنے اور پارٹی کو تقسیم سے بچانے کیلئے لاکھ جتن کئے لیکن ان کی تمام تر کوششیں رائیگاں ثابت ہوئیں، دونوں دھڑوں کی جانب سے سینیٹ انتخابات کیلئے الگ الگ امیدواروں کے کاغذات جمع کرادئیے گئے ہیں، فاروق ستار کی جانب سے نامزد دیگر امیدواروں میں ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے احمد چنائی اور حسن فیروز جب کہ جنرل کیٹیگری کے لیے خواجہ سہیل منصور، علی رضا عابدی، شاہد پاشا اور عامر چشتی کے نام سامنے آئے ہیں،خواتین کی خصوصی نشست پر نگہت شفیق اور منگلا شرما کے نام سامنے آئے ہیں,دوسری جانب رابطہ کمیٹی کے نامزد امیدوار امین الحق، نسرین جلیل اور فروغ نسیم نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے