علیم خان کو انصاف کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتار کیا گیا، نیب
نیب نے علیم خان کو چیئرمین نیب سے ناراضگی کی وجہ سے گرفتار کرنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ علیم خان کو قانون کے مطابق اور انصاف کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری ہونے والے ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ علیم خان کو گرفتاری کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج نے علیم خان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ریمانڈ دیا۔ نیب کے بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے اپنی ساری زندگی قانون کے مطابق گزاری۔ چیئرمین نیب منصب سنبھالنے کے بعد میرٹ اور قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ نیب کے مطابق چیئرمین نیب نہ تو کسی انکوائری پر اثر انداز ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی اور کو اجازت دیتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے علیم خان سے کبھی ملاقات نہیں کی اور نہ ہی کسی خط کی وجہ سے ان سے ناراض ہیں، اس تاثر کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ نیب کے مطابق چیئرمین نیب کسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے۔ نیب صرف اور صرف آئین و قانون کے مطابق فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے