ایبٹ آباد: شدید برفباری بھی پولیو ورکرز کا حوصلہ پست نہ کرسکی
پولیو کے خاتمے کے لیے پولیو ورکرز شدید برفباری میں بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں، ایبٹ آباد میں برفباری کے دوران تیسرے روز بھی پولیو قطرے پلانے میں مصروف رہے۔ گلیات اور ٹھنڈیانی کے دشوار اور برف پوش علاقوں میں صحت کے محافظوں نے عزم، ہمت اورحوصلے کی مثال قائم کردی۔ شدید برفباری اور دشوار گزار راستوں سے ہوتے ہوئے پولیو ورکز گھروں تک پہنچے اور بچوں کو قطرے پلائے، ڈی ایچ او ایبٹ آباد کہتے ہیں کہ برفانی علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلائی جارہی ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ ان کا عملہ اپنا فرض نبھا رہا ہے، عوام بھی پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین پلا کر پولیو کے ملک سے خاتمے میں حصہ ڈالیں۔