روسی کمپنی کا پاکستان میں10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ خوش آئند ہے، میاں خرم الیاس

چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے روسی کمپنی کی طرف سے پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔اس معاہدے کے تحت روس پاکستان کو روزانہ500ملین سے 1ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گا جو سمندری راستے سے پاکستان پہنچائی جائے گی۔جبکہ پائپ لائن کی تعمیر آئندہ 3سے4سال کے دوران مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کا آئینہ دار ہے اس معاہدے کے تحت روسی کمپنی مشرق وسطیٰ سے گیس مالیکولز پائپ لائن کے ذریعے پاکستان لائے گی ۔مزید برآں روسی کمپنی پاکستان میں گیس کی زیر زمین سٹوریج سے متعلق سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ ملک میں گیس کے بحران کے باعث موسم سرما میں انڈسٹریز کو گیس کی سپلائی بندی کی جاتی رہی ہے اب وافر گیس کی فراہمی سے انڈسٹریز کواسکی ضرورت کے مطابق سارا سال سپلائی دستیاب رہے گی جس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ملک سے گیس کا بحران بھی ختم ہوگا نیز وافر گیس کو پاور پلانٹ میں استعمال سے سستی بجلی کا حصول بھی ممکن ہوگا جس کی انڈسٹریز کو سخت ضروت ہے۔