سندھ میں گیس، پانی اور بجلی بحران وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے۔ مرتضٰی وہاب

مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں گیس ، پانی اور بجلی بحران وفاقی حکومت کا پیدا کردہ ہے۔ ایک طرف بڑا بھائی سندھ کو پانی نہیں دے رہا تو دوسری طرف سندھ میں گیس بحران شدید کردیا گیا ہے۔وفاق اپنی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی سزا عوام کو دینے سے گریز کرے،70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبے کے ساتھ زیادتیاں بند کی جائیں۔ پی ٹی آئی سرکار لوگوں کے روزگار چھیننے کے ساتھ ساتھ گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے کررہی ہے۔سندھ میں گیس پانی اور بجلی کے بدترین بحران پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سندھ کے عوام کو آخر کس بات کی سزا دے رہی ہے؟ وفاقی وزرائ کو سیاسی شعبدہ بازی اور اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں سے فرصت ملے تو عوامی مسائل پر بھی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کے تمام بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھْل گئی ہے، آج ملک کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، پنجاب میں پولیس گردی عروج پر ہے، وفاقی وزرائ شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں جبکہ نیازی صاحب اس کے باوجود بلند دعؤؤں سے باہر نہیں نکل رہے۔ خدارا عوام کو گیس پانی اور بجلی کے بحران سے نجات دلائی جائے ایسا نہ ہو کہ حکمران عوام کے غیض و غضب کا شکار ہوجائیں۔