پی سی بی نے آئی سی سی میں کیس ہارنے پر بھارتی بورڈ کو جرمانے کی رقم ادا کردی
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں کیس ہارنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو بطور جرمانہ رقم کی ادائیگی کردی۔پی سی بی نے دوطرفہ سیریز کے معاہدے کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال آئی سی سی میں بھارتی بورڈ کے خلاف 70ملین ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا جس کا فیصلہ پاکستان بورڈ کے خلاف آنے پر جرمانے کی رقم ادا کی جانی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو جرمانے کے 20کروڑ روپے میں سے رقم کی 60فیصد ادائیگی کر دی ہے جب کہ باقی 40فیصد اخراجات بھارتی بورڈ خود برداشت کرے گا۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کیس ہارنے کی صورت میں اس پر آنے والے اخراجات ہارنے والے فریق کو ہی ادا کرنے ہوتے ہیں۔صرف یہی نہیں کیس پر آئی سی سی کے آنے والے ایک لاکھ 89ڈالرز اخراجات میں سے 60 فیصد رقم پی سی کو ادا کرنا ہے، اس سلسلے میں میں پی سی بی کے گورننگ بورڈ اجلاس میں آئی سی سی کو ایک کروڑ 12 لاکھ واجب الادا رقم دینے کی منظوری دے دی گئی ہے جب کہ باقی 40فیصد رقم آئی سی سی خود برداشت کرے گا۔یاد رہے آئی سی سی کی ڈسپیورٹ ریزیلیوشن کمیٹی میں دائر کیس میں پی سی بی کا موقف تھا کہ 2014 میں دونوں بورڈز کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا، جس کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 8سال کے دوران 6دوطرفہ سیریز کھیلی جانی تھیں۔البتہ اس سلسلے میں آئی سی سی نے دونوں بورڈز کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پی سی بی کے خلاف فیصلہ دیا اور کیس میں شکست کے نتیجے میں پی سی بی کو الٹا اخراجات کی مد میں مزید نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔