حکومت اخراجات کے ہدف کے حصول کیلئے پرعزم ہے: وزیر اسد
منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت رواں مالی سال کے لئے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مد میں اخراجات کے ہدف کے حصول کے لئے پرعزم ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے سات سو ایک ارب روپے کے اخراجات کے ہدف کے ہر قیمت پر حصول سے متعلق واضح ہدایت کی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ ان کی وزارت پائیدار ترقیاتی اہداف پر بھرپور توجہ مرکوز کرنے سمیت ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور جانچ پڑتال یقینی بنانے کے لئے موجودہ نظام کی تشکیل نو کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت قومی شرح نمو میں اضافے کی تین سالہ حکمت عملی پر بھی کام کر رہی ہے۔اس موقع پر وزارت منصوبہ بندی کے سیکرٹری ظفر حسن نے کہا کہ ایک ہزار چونتیس منصوبوں میں سے رواں سال کے آخر تک ایک سو اکہتر منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔