کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 دہشتگرد گرفتار 1 ہلاک

کراچی : سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے شاہ لطیف ٹاوٗن میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور پانچ کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شاہ لطیف ٹاوٗن میں موجود مکان پر چھاپہ مارا گیا، جس پر دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا۔ آپریشن کی نگرانی ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کررہے ہیں، عمر شاہد کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کی بکتر بند پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا جس کے بعد اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ پانچ دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے، عمر شاہد نے اپنے بیان میں بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کو تحقیقات کےلیے لے جایا جارہا ہے۔