اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر یکم مارچ سے جرمانہ کیا جائیگا
اسلام آباد میں یکم مارچ کے بعد پلاسٹک بیگ استعمال کرنے پر شہریوں کو جرمانہ کیا جائے گا،انتباہی مہم جاری ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق عام شہری کو پلاسٹک بیگ استعمال کرنے پر 5 ہزار، دکاندار کو 10 ہزار جبکہ دوبارہ استعمال کرنے پر 20 ہزار جرمانہ عائد ہوگا اور ساتھ میں مال بھی ضبط کیا جائے گا۔آگاہی مہم 28 فروری تک جاری رہے گی جس کے بعد یکم مارچ سے پلاسٹک بیگ استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد کے ساتھ راولپنڈی ہے جبکہ یہاں پر پابندی ہے اور راولپنڈی میں نہیں ، وہاں سے شاپر آ جاتے ہیں اس لیے وہاں بھی پابندی ہونی چاہئے۔تاجر اور صنعتکار حکومت کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں لیکن جڑواں شہروں میں الگ الگ قانون پر تحفظات بھی ہیں۔