لاہورہائیکورٹ نےپی ٹی آئی کے 43 ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کردیا۔
لاہورہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 سابق ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 43 سابق ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی ارکان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ استعفے منظور کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ جسٹس شاہد کریم نے بیرسٹر علی ظفر سے استفسار کیا کہ بتائیں کن قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا؟ ۔بیرسٹرعلی ظفر نےکہا کہ اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے قبل آئین کے تحت انکوائری نہیں کی، ارکان اسمبلی استعفیٰ منظور کرانے کے لئے اسپیکر کے پاس پیش نہیں ہوئے، ارکان کو سنے بغیر اسپیکر استعفے منظور نہیں کرسکتا۔عدالت نے پی ٹی آئی کے 43 سابق ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے ان تمام حلقوں میں الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات سے روک دیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔