شیخ رشید کیخلاف پولیس اہلکار کی وردی پھاڑنے کا کیس،مری پولیس سے ریکارڈ طلب
لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشیدکیخلاف پولیس سے مزاحمت اور اہلکار کی وردی پھاڑنے کے کیس میں مری پولیس سے 2ہفتوں میں ریکارڈ طلب کرلیا۔ تھانہ مری میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بینچ میں ہوئی، شیخ رشید کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار رازق خان اور یاسر شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ سرکاری وکیل کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف مقدمے کے اخراج کی مخالفت کی گئی جس پر عدالت نے سوال کیا کہ آپ نے ابھی تک شیخ رشید کو گرفتار کیوں نہیں کیا؟۔ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم پہلے ہی ایک مقدمہ میں گرفتار ہے، شیخ رشید پر پولیس سے مزاحمت اور اہلکار کی وردی پھاڑنے کا مقدمہ ہے۔عدالت نے کہا کہ شیخ رشیدگرفتار ہیں تو عدالت کو مقدمے کا ریکارڈ فراہم کریں۔عدالت نے آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور آرپی او راولپنڈی کو نوٹس جاری کردیئے اور ایس ایچ او مری اور مقدمے کے تفتیشی افسرکو دو ہفتوں میں ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔عدالت نے کہا کہ مقدمے کا ریکارڈ طلب کیا ہے اس کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔خیال رہے کہ شیخ رشید نے تھانہ مری میں درج مقدمے کے اخراج کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔