ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی کے سابق اراکین کا پارٹی سے انتخابی اخراجات فراہم کرنے کا مطالبہ

قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی نے پارٹی سے انتخابی اخراجات فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ سابق اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے وہ اپنے اخراجات پر ایک سال میں دومرتبہ الیکشن نہیں لڑسکیں گے،ضمنی اور عام انتخابات کے دوہرے اخراجات ناقابل برداشت ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پارٹی ضمنی انتخابات کے لئے انہیں فنڈز فراہم کرے۔ جبکہ پارٹی نے سابق اراکین قومی اسمبلی کو فنڈز فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے سابق اراکین قومی اسمبلی پر واضح کردیا ہے کہ وہ اپنے اخراجات پر ضمنی انتخاب لڑیں بصورت دیگر پارٹی متبادل امیدوار کھڑے کرے گی اورانہیں ٹکٹ جاری کرے گی۔ جبکہ سابق اراکین میں اس معاملہ پر تشویش پائی جارہی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ایک سال میں دومرتبہ اپنے اخراجات پر الیکشن نہیں لڑسکتے۔