ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل

دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں، اس لیے ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی، لاہور ، اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے، پشاور میں بھی پولنگ شروع ہونے سے پہلے موبائل سروس متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے، پشاور کے علاقے صدر، نوتھیہ اور گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہوئی ہے، سکھر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہو گئی ہے۔ انٹرنیٹ سروس سے متعلق نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے گزشتہ روز وی نیوز کو بتایا تھا کہ الیکشن کے دن پولنگ اور دیگر عوامل کے دوران انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، سیکیورٹی صورت حال قابو میں ہے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ لائیو نیٹ ورک کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ میں خلل پڑا ہے جس کا دوسرے سب سے بڑا آپریٹر زونگ پر بہت زیادہ اثر پڑا ہے۔اس سے صارفین کی جانب سےبڑے پیمانے پرموبائل سروس بندش کی رپورٹس کی تصدیق ہوتی ہے۔