شہباز شریف نے لاہور میں کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ ابھی ووٹ ڈالنے آیا ہوں، سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مناسب ہیں، محنت کریں اور پاکستان کی خدمت کریں، پاکستان کی ترقی کے لیے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، نفرتیں دور کریں گے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے تو اس سے پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوبارہ عوام کی خدمت کا موقع دینا اللہ کے ہاتھ میں ہے، آج پاکستان کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے، اس وقت ملک میں دراڑیں اور تقسیم پڑ گئی ہے اس کو ختم کریں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی حکومت معرض وجود میں آئے جو پاکستان میں محبت اور خیر سگالی جذبات کے پھول نچھاور کرے، یہ عظیم دھرتی محبت ویگانگت سے ہی سرسبز ہو گی، انشاءاللہ اس دھرتی سے خوشحالی کے شگوفے پھوٹیں گے، انشاءاللہ اس ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گا۔