شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کوسندھ پولیس نے دبئی سے حراست میں لے لیا۔ ملزم کوجلد پاکستان واپس لائے جانے کا امکان ہے۔

سندھ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے گزشتہ رات دبئی روانہ ہوئی تھی، پولیس ذرائع کےمطابق ملزم شاہ رخ جتوئی کودبئی سے حراست میں لے لیا گیا ہےجسےجلد وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس سے قبل سندھ پولیس نےملزم کودبئی سے کسی دوسرے ملک فرارہونے سے روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے تھے۔ یاد رہے کہ پچیس دسمبرکوکراچی کے علاقے ڈیفنس میں شاہ زیب کی ہمشیرہ سے بدتمیزی کرنے پرملزمان کی شاہ زیب سے تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی نے ساتھیوں کی مدد سے شاہ زیب کوفائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ کیس میں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپورکو نامزد کیا گیا اوردو روز قبل پولیس نے سندھ کے ضلع دادو سے سراج تالپورکوگرفتارکرلیا تھا۔