نیب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی توہین کر رہا ہے، نیب کو عمران خان کے خلاف یہ کیس ختم کر دینا چاہیے: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی توہین کر رہا ہے، نیب کا عمران خان کے خلاف خیبر پختونخوا ہیلی کاپٹر کیس چلانا زیادتی ہے، نیب کو عمران خان کے خلاف یہ کیس ختم کر دینا چاہیے، دنیا نیب پر ہنستی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نیب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی توہین کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف ہیلی کاپٹر کیس میں باقاعدہ چارج نہیں لگایا گیا، نیب کی جانب سے کیسز رکھنا وزیراعظم اور پاکستان کے سسٹم کی توہین ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف کیسز توہین نہیں بلکہ وزیراعظم پر بنائے گئے نیب کیس پر دنیا ہنس رہی ہے، ہماری ذاتی لڑائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گائے کھلنے پر ایک وزیر نے استعفی دے دیا اور ان کا کیا کریں؟، یہاں 16 ،16 افراد قتل کرکے لوگ وزیراعلی رہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اہلیت اور نااہلیت سیاسی نمائندوں کی ہونی چاہیے ، اعظم سواتی کے کیس کو نواز شریف اور ماڈل ٹاون سے ملانا زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاون کے ملزمان سوٹ ٹائی لگا کر پارلیمنٹ آتے ہیں انہیں جیل میں ہونا چاہیے۔فواد چوہدری نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'علیمہ باجی کا کاٹن ایکسپورٹ کا کام ہے جو 20 سال پرانا ہے، مریم اورنگزیب کی حکمت عملی ہے کہ پانی اتنا گدلا کرو کہ لوگوں کو سمجھ نہ آئے'۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر الزام ہم نے نہیں لگایا جرمنی کے اخبار میں پاناما کا معاملہ آیا، زرداری پر الزام ہم نے نہیں ن لیگ کی حکومت نے لگائے، پی ٹی آئی کی جدوجہد نہ ہوتو ان کو جیل پہنچانا آسان نہ ہوتا، اداروں نے ہماری جدوجہد کی وجہ سے تحریک پکڑی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت ملی تو 28 ارب ڈالر کے مالی خسارے کا سامنا تھا، اسحاق ڈار معیشت کا بیڑا غرق کر کے چلے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصولی طورپرفوجی عدالتیں نہیں ہونی چاہئیں لیکن ہم مخصوص حالات سے گزرے ہیں، کوشش کریں گے ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائیں۔