وزیراعظم کا ایک روزہ دورہ لاہور ملتوی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ دورے پر آج لاہور آنا تھا تاہم وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مصروفیات کے باعث دورہ لاہور ملتوی کیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کی نئی تاریخ سے متعلق پنجاب حکومت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔وزیراعظم نے ایک روزہ دورہ لاہور کے دوران ایوان وزیراعلی میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کرنا تھا ۔جس میں وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جانا تھی جبکہ وزیراعظم کو والٹن ائیرپورٹ کے میگا پراجیکٹ پر بھی بریف کیا جانا تھا جبکہ دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان کوبلدیاتی انتخابات پر الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن پر بھی وزارت قانون اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بریفنگ کرنا تھا۔ دوسری جانب سانحہ مچھ کے ورثا کا کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر چھٹے روز بھی دھرنا جاری ہے اور لواحقین نے وزیراعظم کے آنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ دو روز قبل ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے شہدا کے لواحقین سے تدفین کی اپیل کرتےہوئے کہا تھا کہ میں بہت جلد کوئٹہ کا دورہ کروں گا ،میں لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں گا،مہربانی کر کے اپنے پیاروں کی تدفین کردیں تا کہ ان کی روحوں کو سکون ملے، میں سانحہ مچھ میں شہدا کے لواحقین سے ملنے آوَں گا۔