لوگوں کی آہ وبکا کو بلیک میلنگ کہنا بے حسی کی انتہا ہے ، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو لوگوں کی آہ و بکاکو بلیک میلنگ قراردینے پر شرم آنی چاہئے ،یہ بے حسی کی انتہا ہے ۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے حسی کی انتہا ہے، آپ پر 22 کروڑعوام کی ذمہ داری ہے ،ہزارہ برادری کے لوگ لاشیں آگے رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں، کیا ان کی لاشوں سے آپ کی انا بڑی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ کہہ رہے ہیں آپ آجائیں اور ان کے سروں پر ہاتھ رکھ دیں، وہ کہہ رہے ہیں انہیں کچھ یقین دہانیاں کرادیں، ہم لاشوں کو دفنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کو آپ بلیک میلنگ کہہ رہے ہیں، یہ آپ کا فرض ہے اور یہ آپ کو کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ترکش ڈرامہ دیکھنے اور ان کے ایکٹرز سے ملنے کا وقت ہے، آپ کے پاس کتوں سے کھیلنے کا وقت ہے مگر مظلوم لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا وقت نہیں ہے۔