سانحہ مچھ: وفاقی وزرا لواحقین سے ہونے والا معاہدہ سامنے لے آئے

اسلام آباد: سانحہ مچھ کے بعد لواحقین سے مذاکرات کرنے والے وفاقی وزرا دھرنا شرکا کے مطالبات کو منظر عام پر لے آئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ یہ رہے مطالبات اور یہ رہا معاہدہ جو پچھلے دو دن سے تیار ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر شہداء کے اہل خانہ سے بات کی، وہ اپنے پیاروں کی تدفین چاہتے ہیں، ان کی جانب سے دئیے گئے مطالبات منظور ہوئے دو روز گزر چکے ہیں، تمام مطالبات تسلیم ہونے کے باوجود بھی وہ کون سے عناصر ہیں جو ان بے گناہ شہیدوں کی لاشوں پہ سیاست کر رہے ہیں؟۔ علی زیدی کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اگرچہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں چکا سکتا، مگر یہ بتاتا چلوں کے معاوضے کی رقم میں کافی اضافہ کر دیا گیا ہے، وقت کے ساتھ باقی چیزیں بھی کھل کے سامنے آ جائیں گی، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ مجھ پے لازم ہے کہ حق بات کا پرچار کروں میرے شجرے میں حسین ؑ ابن علی ؑ لکھا ہے