اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں خدا کے واسطے کوئی سیاسی انجینئرنگ نہ کرے: عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلمشنٹ خدا کے واسطے کوئی پولیٹیکل انجنیئرنگ نہ کرے کیونکہ ماضی میں جو پولیٹکل انجنیئرنگ کی گئی ہے اس کا ملک کو بہت نقصان ہوا ہے۔عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھے اور آج ہم پولیٹکل انجنیئرنگ ہوتے دیکھ رہے ہیں جس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو اکٹھا کرنے، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کو پیپلز پارٹی میں دھکیلنے،جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت لانی کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک اور گیم چل رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ عقل تو یہ کہتی ہے کہ ملک میں ایک مظبوط سیاسی حکومت لائیں جو ملک کو دلدل سے نکالے اور اگر کمزور سیٹ اپ لانا ہے تو وہ ویسے بھی نہیں چل سکتا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جن سے ہم بھیک مانگ رہے ہیں وہ پاکستان کو قسط دینے کے لیے ملکی سلامتی پر بھاری قیمت ادا کرنے کا کہیں گے اور اس پر ہم سمجھوتہ کرکے ملک کا مستقبل خطرے میں ڈال کر وہ قیمت ادا کریں گے، لہٰذا ایک مضبوط حکومت آئے جس سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد ہو کہ پانچ سال کے لیے آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو کہتا ہوں کہ پاکستان ہم سب کے ہاتھوں سے نکل جائے گا اور ہم سری لنکا کے حالات پر ہیں، جب میں نے پہلے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی تھی تو مجھے غدار کہا گیا تھا اور اب پوری دنیا وہی بات کر رہی ہے کہ ہم اب سری لنکا بننے جا رہے ہیں جہاں لوگ سڑکوں پر ہوں گے۔