چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری کی وفد کے ہمراہ ملاقات

لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد نے چودھری شجاعت حسین کو بلوچستان میں عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً آٹے کی قلت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملک کی بہتری کیلئے ملک کی معاشی سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نہیں تحلیل ہو گی، فی الحال ملکی الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مہنگا ہونے پر ایکشن لیں خصوصاً آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے، تمام لیڈران اپنی اپنی بولی بولنے کی بجائے اکٹھے ہو کر بغیر کسی عہدوں کی پرواہ کیے ملکی مسائل خصوصاً مہنگائی کو حل کرنے کو اولیت دیں اور اکٹھے ہو کر صرف ایک ایجنڈے پر کام کریں۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سیاسی لیڈر اپنے مفاد کی خاطر اپنے اپنے سلوگن کی تشہیر کی بجائے عوام کو درپیش اجتماعی مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو برؤے کار لائیں۔ جمعیت علماء اسلام کے وفد میں صدر سٹی لاہور محمد افضل خان جوائنٹ سیکرٹری مولانا عبدالودود شاہد، مولانا عبدالوہاب مدنی، عبدالصمد، اعظم سواتی، مکرمہ اشرف، خواجہ نعمان شامل تھے۔ پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے سابق وزیر قانون ڈاکٹر خالد رانجھا، سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ چودھری شافع حسین، حسن رانجھا، بیرسٹر رانا خضر شامل تھے۔