ملک بھر میں آٹے کا بحران،عوام کےلیے روٹی کا حصول مشکل بن گیا

ملک کے کئی شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بن گیا۔
مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت کو پر لگ گئے۔ لاہور میں فی کلو آٹا 160 روپے جبکہ اسلام آباد میں 15 کلو کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2300 روپے ہوگئی۔سندھ کے عوام بھی آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ سانگھڑ میں ایک کلو آٹے کی قیمت 180 روپے تک جا پہنچی۔ حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، شہداد پور اور لیاقت پور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔
بلوچستان میں بھی گندم بحران شدت اختیار کرگیا۔ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کی بوری کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ نان بائیوں نے روٹی مہنگی کرنے کےلئے کمر کس لی۔ پیر سے تندور بندکرنےکی وارننگ دے دی۔دوسری جانب ملک بھر کی طرح پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2200 سے مہنگا ہو کر 3300 روپے کا ہو گیا۔ فی کلو آٹا 165 روپے کلو فروخت ہونے لگا۔