اختیارات کی مدت ختم ہونے پر رینجرز نے سندھ میں ٹارگٹڈ آپریشن بند کردیا
سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے معاملات تعطل کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق یوم علی کے موقع پر رینجرز پولیس کے ساتھ صوبے میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالے گی جبکہ یوم علی کے بعد رینجرز کراچی میں اپنی سرگرمیاں محدود کردے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیارات کی مدت ختم ہونے کے بعد رینجرز کی جانب سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں نہیں کی جائیں گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے حکام کو تمام تر معاملات سے آگاہ بھی کردیا گیا ہے جبکہ کراچی کے تمام حساس مقامات سے رینجرز کے گروپس کو واپس بلالیا گیا ہے۔
سندھ رینجرز کے سپیشل پراسیکیوٹر غلام شبیر بابر نےذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا
غلام شبیر بابر کئی مقدمات میں رینجرز کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے متعدد کیسز میں سپیشل پراسیکیوٹر کے فرائض انجام دے کر رہے تھے۔ غلام شبیر بابر متعدد اہم کیسز میں رینجرز کی جانب سے عدالتوں میں پیش ہوئے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنی خدمات مزید جاری نہیں رکھ سکتے، اس وجہ سے وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔شبیر بابر کے استعفے کے بعد اب وہ مقدمات میں رینجزر کی پیروی نہیں کرسکیں گے۔