شہباز شریف نے نیب کے کیسز بے بنیاد قرار دے دیئے
ایوان وزیر اعلی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے اتفاق فاؤنڈری کے ذمے واجب الادا قرضے سمیت مارک اپ کی ساڑھے پانچ ارب روپے کی رقم بھی ادا کردی ہے۔ شریف برادران کے ذمہ کسی سرکاری یا نجی بینک کا ایک پائی کا قرضہ بھی نہیں اورنہ ہی انہوں نے قرضہ معاف کرایا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جن لوگوں نے کھربوں کے قرضے معاف کرائے،نیب اس پرخاموش کیوں ہے، عدلیہ ان افراد کا احتساب کرے۔
شہبازشریف نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے جن من پسند افراد کو الیکشن لڑانا تھا ان کے قرضے معاف کرائے ،پرویز مشرف نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف اتفاق فاونڈری کا ریفررنس بنوایا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سابق صدور پرویز مشرف اور آصف زرداری نے رائے ونڈ سڑک کی تحقیقات کرائیں لیکن ان کی ہمت نہ ہوسکی کہ وہ اس کا ریفرنس بناتے۔