رینجرز کے اختیارات میں 24 گھنٹے کی توسیع کر دی گئی ہے: وزیر داخلہ
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کے حوالے سے بہت قیاس آرائیاں ہورہی ہیں اور مخصوص مقاصد کی خاطر رینجرز کو متنازعہ بناکر پیش کیا جا رہا ہے،رینجرز خالصتاً غیر سیاسی فورس ہے۔ اور کسی سیاسی پارٹی کے کہنے پر اور نہ کسی پارٹی کے خلاف کارروائیاں کرتی ہے ، بلکہ تمام تر کارروائیاں قانون وآئین کے مطابق کررہی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت سندھ ان کی مدت میں توسیع نہیں کرنا چاہتی تو ہم رینجرز کو کراچی کی سڑکوں پر بے یارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یوم علی کیلئے رینجرز کے اختیارات میں چوبیس گھنٹے کی توسیع کر دی ہے-
عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملزم معظم علی سے تفتیش مکمل ہو چکی، عید سے پہلے دوسرے ملزم تک بھی برطانوی ٹیم کو رسائی دی جائیگی، سکاٹ لینڈ یارڈ تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ کے ہمراہ برطانیہ روانہ ہو گی، میڈیا قیاس آرائیوں سے اجتناب کرے-
وزیرداخلہ نے کہا کہ رینجرز نے مشکل ترین حالات میں شہرسے بھتہ خوری، ٹارکٹ کلنگ کا مکمل خاتمہ کردیا ہے اور اگر کسی کو ان کی کارکردگی کے بارے میں شک ہے تو وہ کراچی کے شہریوں اور تاجروں سے پوچھ سکتے ہیں-