عبدالستارایدھی مرحوم انسانیت کا فخراور پاکستان کی پہچان ہیں، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عبدالستارایدھی مرحوم انسانیت کا فخر اور پاکستان کی پہچان ہیں، اس عظیم انسان کی زندگی سماجی خدمت گاروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبدالستارایدھی کی تیسری برسی کے موقع پر ان کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے عمر بھر لوگوں کا دکھ بانٹا اور دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کی، عبدالستار ایدھی کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے اگر جذبہ صادق ہو تو فرد بھی انسانی خدمت کر سکتا ہے۔ عبدالستار ایدھی کی روشن شمع سے آج لاکھوں لوگوں کی زندگیاں منور ہو رہی ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کا احساس پروگرام ایدھی کے طرز فکر کا عکاس ہے۔ پنجاب احساس پروگرام کا مقصد غریب طبقات کی معاونت ہے، احساس پروگرام ایدھی کی خدمت کی روایت کو زندہ رکھے گا۔