چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں کمیٹی کا اجلا س کل ہوگا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں کمیٹی کا اجلا س منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ متعلقہ وزارت سے انسانی حقوق کے عالمی کنونشنز پر عملدرآمد کیلئے وزارت کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی گئی ہے، وزارت کو انسانی حقوق سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے بھی کارکردگی سے آگاہ کرنے کو کہا گیا ہے ۔ وزارت انسانی حقوق کے بین الاقوامی ضابطوںپر عملدرآمد کیلئے کارکردگی رپورٹ مانگ لی گئی ہے اور انہیں کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران مختلف قوانین سے متعلق سب کمیٹی کی رپورٹ بھی توثیق کیلئے پیش کی جائے گی۔ قائمہ کمیٹی نے مختلف مقامات پر شہریوں کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی بشمول جڑواں شہروں میں شہریوں کے ساتھ پولیس کے نامناسب طرز عمل کا نوٹس بھی لیا ہے جبکہ پنجاب کے آئی جی پولیس سے پولیس اسٹیشن قطب پور ملتان کی حدود میں تین بھائیوں کی غیر قانونی حراست اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعہ پر رپورٹ طلب کی گئی ہے اور انہیں کمیٹی میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا ہے اورتھانوں میں شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کا نوٹس لیا گیا ہے۔ کمیٹی نے وزیر انسانی حقوق اور وزارت کے حکام کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز کے انسانی حقوق سے متعلق ضابطوں بالخصوص بچوں کے تحفظ، صحافیوں کے تحفظ اور کمزور طبقات کے تحفظ کے کنونشنز پر عملدرآمد کیلئے کارکردگی رپورٹ مانگ لی گئی ہے۔