عالمی کپ 2019ء کا پہلا سیمی فائنل منگل 9 جولائی کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائیگا۔

مانچیسٹر(چودھری اشرف) عالمی کپ 2019ء کے ناک آوٹ مرحلے میں پہلا سیمی فائنل منگل 9 جولائی کو بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ مانچیسٹر میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ دن ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پیر کے روز بھی بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم نے 15 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان نوٹنگھم میں کھیلا جانا والا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان عالمی کپ مقابلوں میں 8 ویں مرتبہ آمنا سامنا ہو رہا ہے۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے سات میچوں میں سے چار میچز میں نیوزی لینڈ نے جبکہ بھارتی ٹیم تین میچز میں کامیابی حاصل کر سکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1975ء سے لیکر جولائی 2019ء تک 106 انٹرنیشنل ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں۔ بھارتی ٹیم نے 55 جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم نے 45 میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ ایک میچ ٹائی رہا جبکہ پانچ میچز بے نتیجہ ہی ختم ہوئے۔ ٹورنامنٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز روہت شرما 8 میچز میں پانچ سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی بدولت سب سے زیادہ 647 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ کے کین ویلیمسن 8 میچز میں 481 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلے اور ورلڈ کپ میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ باولنگ کے شعبہ میں بھارت کے جست پریت بھمرا اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ بھمرا ورلڈ کپ میں 17 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔