آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر برقرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کی ایک روزہ میچوں کی نئی رینکنگ میں انگلینڈ کی ٹیم بازی لے گئی جبکہ پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر آ گئی۔ایک روزہ میچوں کی نئی رینکنگ میں بھارت دوسرے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔بلے بازی کی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے اور رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پہلے اور روہت شرما دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔ امام الحق نے رینکنگ میں گیارہویں پوزیشن حاصل کی ہے۔آئی سی سی کے ٹاپ ٹین بالر رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اپنی جگہ نہیں بنا سکا تاہم محمد عامر بارہویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔نوجوان پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد 23 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ یہاں بھی بھارتی بالر جسپریت بمرا پہلی، کیوی بالر ٹرینٹ بولٹ دوسری اور آسٹریلوی بالر پیٹ کومنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آل رانڈرز رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم چوتھے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ محمد حفیظ نے رینکنگ میں 10ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہاں بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن پہلے، انگلینڈ کے بین سٹوکس دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔