حکومت افغان راہداری تجارت کاغلط استعمال روکنےکیلئےاقدامات پرسنجیدگی سےغورکررہی ہے:چیئرمین ایف بی آر

ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ حکومت سمگلنگ ،ٹیکس سے بچنے کیلئے سامان کی کم قیمت ظاہر کرنے اور افغان راہداری تجارت کے معاہدے کا غلط استعمال روکنے کیلئے اقدامات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ آج فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات مقامی صنعت کو اس کے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے صنعتوں کو فروغ دینا ہوگا۔چیئرمین ایف بی آر نے وضاحت کی کہ نئے وفاقی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کو خود کار بنادیا گیا ہے۔شبر زیدی نے کہا کہ مالی سال دو ہزاراٹھارہ ،انیس کیلئے ٹیکس گوشوارے اگلے ماہ کی دوتاریخ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت کی اعلان کردہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کوملک بھر میں بہت پذیرائی ملی۔