پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ مکی آرتھر نے گذشتہ روز چیئرمین پی سی نی احسان مانی سے لندن میں ملاقات کی۔ ڈیرھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈ کپ 2019 میں گرین شرٹس کی کارکردگی کے متعلق مکمل بریف کیا۔ ، مکی آرتھر نے ورلڈ کپ میں شریک ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل کے حوالے سے مشورے دیئے۔ مکی آرتھر نے ملاقات میں قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ مکی آرتھر کو کہا گیا ہے کہ وہ کرکٹ کمیٹی کو بھی اپنی سفارشات پیش کریں۔ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد بلائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا تین سالہ کنٹریکٹ ورلڈ کپ 2019 کے ساتھ ہی اختتام پزیر ہو گیا ہے۔