پاکستان کا واحد بجٹ جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا، کوئی بتادے تو ابھی واپس لے لوں گا:چیرمین ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ ہم نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا اور اگر کوئی شخص بتا دے کہ نیا ٹیکس لگایا ابھی واپس لے لوں گا۔فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں ایک سے 15 گریڈ تک تبادلے ہوئے ہیں، جو معمول کے مطابق ہیں، نیا ایف بی آر ضرور بنے گا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی نئے لوگ یا عمارت ہوگی بلکہ وہیں لوگ ہوں گے جو اس میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی فرد ہراساں کرنے یا کرپشن میں ملوث ہوگا اسے کسی بھی حال میں کسی بھی ادارے میں نہیں ہونا چاہیے مگر اس کا موثر علاج آٹومیشن ہے۔شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا کہ ہم چھاپے نہیں ماریں گے، ابھی جو سب ہورہا وہ چھاپے نہیں بلکہ سخت چیکنگ ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کو خودکار طریقے سے کرنے جارہے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے ایف بی آر میں نظام کو خودکار کردیا جائے گا اور اس ذاتی تعلق کو کم کیا جائے گا، اس کے علاوہ آڈٹ کی تعداد کو کم کیا جائے گا۔