ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا، میرے پورے خاندان کو جیل میں ڈال دو، جمہوری نظام پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، مہنگائی سے ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئردیر پیپلز پارٹی کے تحت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران انصاف کی بات کرتے تھے مگر آج انتقام کی سیاست کررہے ہیں، تاریخ گواہ ہے عوام کے دلوں میں وہی زندہ رہ سکتا ہے جس نے اسے اپنا مانا ہو۔کسی کے دل میں زندہ رہنا کوئی آسان بات نہیں ہے، عوام کی حقوق چھیننے والوں کا نام لینے والا آج کوئی نہیں، آج ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپی ہوئی آمریت سے ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے کسان، تنخواہ دار ہو یا محنت کش طبقہ سب پریشان ہیں، بجلی،گیس، دالیں،ڈالر پیٹرول، دودھ ،دوائیں ،علاج مہنگا کردیا گیا، جینا اور مرنا بھی مہنگا کردیا، بس خون سستا کردیا گیا، حکومت کے پہلےسال عوام اس کے جانےکی بات کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی نالائقی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں، پنجاب، سندھ اور کےپی کو ان کے حصے سے کم پیسہ دیا جارہا ہے، خیبر پختونخواکو 40ارب روپے کم مل رہے ہیں، اگر40ارب روپے مل جاتے تو ہم کیا کچھ کرسکتے تھے ؟ باجوڑ دیر میں کتنے نئے اسپتال اور اسکولز بھی بنا سکتے تھے،40ارب روپے سے قبائلی نوجوانوں کوروزگار بھی دے سکتے تھے۔