اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی ہیٹی کے صدر کے قتل کی مذمت
اقوام متحدہ سلامتی کونسل(یواین ایس سی)نے ہیٹی کے صدر جووینل موئس کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک پریس بیان میں کونسل کے ارکان نے موئس کے خاندان اور ہیٹی کے عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اس مکروہ جرم کے مجرمان کو جلداز جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔کونسل کے ارکان نے ہیٹی کے تمام سیاسی شراکت داروں سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ تشدد کے کسی بھی عمل اور تشدد کیلئے کسی بھی طرح بھڑکانے سے باز رہیں۔انہوں نے بات چیت کیلئے اپنی مستحکم حمایت کا اظہار کرتے ہو ئے تمام فریقین سے پرسکون رہنے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کسی بھی ایسے اقدام سے پرہیز کرنے کا مطالبہ کیا جو مزید عدم استحکام کا باعث بنے۔اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ارکان نے ہیٹی میں جاری صورتحال کی نگرانی کے عزم کی تصدیق کی اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرنے اور تمام افراد اور اقوام متحدہ کی سرگرمیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اہم ضرورت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ہیٹی کے عوام سے یکجہتی جاری رکھنے کا اظہار کیا۔