چینی، گھی،کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
ملک بھر میں اشیاخوردو نوش کی اہم بنیادی اشیا چینی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیاہے جس سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں ۔ مختلف کمپنیوں نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بڑھا دیں۔ تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 94 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہوگئی۔چینی کی پچاس کلو کی بوری 4700 روپے سے بڑھ کر 5000 روپے ہوگئی ہے۔تازہ رپورٹس کے مطابق درجہ اول گھی کی قیمت میں 38 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا جس کے بعد درجہ اول کا گھی 305 روپے سے بڑھ کر 343 روپے ہوگیا۔ درجہ دوئم کے گھی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا جس کے باعث درجہ دوئم کے گھی کے نرخ 270 روپے سے بڑھ کر 285 روپے ہوگئے۔آئندہ مالی سال 2021-22 کا وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد سے ملک میں مہنگائی نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد جون میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی اوسط شرح بڑھ کر 14.52 فیصد ہوگئی ہے۔ داخلی سطح پر بجٹ کے بعد سے مہنگائی میں اضافے سے عوام دوست بجٹ کا حکومتی بیانیہ متاثر ہو رہا ہے۔شہریوں نے اس ہوشربا اضافہ پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے پسے عوام پر ایک بار پھر بم گرا دیا گیا ہے۔