پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔تیز مواصلاتی نظام کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کی بہتری پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصہ ہے۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے ملتان اورخانیوال کے پسماندہ اضلاع میں ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ فور جی منصوبے کے معاہدے کی اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے جنوبی پنجاب کے علاقوں میں تبدیلی آئے گی اور تبدیلی کے اس پھل سے جنوبی پنجاب کا پورا علاقہ مستفید ہوگا۔
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں موبائل سروس کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ فور جی منصوبوں کی تکمیل سے 38 لاکھ افراد کو ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ اور تقریبا 2 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے کو فائبر آپٹیکل کیبل سے منسلک کردیا جائے گا۔اس سے پہلےہائی اسپیڈ براڈ بینڈ فور جی منصوبے کے معاہدے پر وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو حارث محمود چوہدری اور جاز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے دستخط کیئے۔