سیارچے پر جانے والا خلائی جہاز 27 جون تک منزل پر پہنچ جائے گا۔ جاپانی خلائی ایجنسی

جاپانی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ریوگو سیارچے پر جانے والا اسکا ہیابسا ٹو خلائی جہاز، ساڑھے تین سال کے سفر کے بعد متوقع طور پر 27 جون تک اپنی منزل پر پہنچ جائے گا۔جاپان کی فضائی و خلائی تحقیق کی ایجنسی جاکسا نے کہا ہےکہ خلائی جہاز زمین سے تقریباً 30 کروڑ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور ریوگو سیارچے سے تقریباً دو ہزار ایک سو کلو میٹر دور ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیابسا ٹو کے ایون انجن گزشتہ اتوار کو بند کر دیئے گئے تھے اور منزل پر پہنچنے کے آخری مرحلے میں اس کی رہنمائی کے لیے کیمرے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ خلائی جہاز ڈیڑھ سال کے عرصے میں ریوگو سیارچے پر تین بار اترے گا جسکا مقصد اس سیارچے کی سطح کے مواد کے نمونے حاصل کرنا ہے۔سائنسدانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نمونوں میں پانی یا نامیاتی مادہ ملنے کی صورت میں اس مشن سے زندگی کے ماخذ پر مزید روشنی پڑے گی۔